Sunday, November 28, 2021
Home اردو  شاہ رخ اور ان کے بیٹے کے درمیان جیل میں کیا بات...

 شاہ رخ اور ان کے بیٹے کے درمیان جیل میں کیا بات چیت ہوئی؟


مہاراشٹر حکومت نے کووڈ انیس سے متعلق بعض بندشیں ختم کر دی ہیں جس کے بعد شاہ رخ خان جیل میں اپنے بیٹے سے مل سکے۔ منشیات کے الزام میں گرفتاری کے بعد بیٹے آریئن خان سے یہ ان کی پہلی ملاقات تھی۔

 شاہ رخ اور ان کے بیٹے کے درمیان جیل میں کیا بات چیت ہوئی؟
user

Dw

Engagement: 0

بالی وڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان 21 اکتوبر جمعرات کے روز اپنے بیٹے آریئن خان سے ملاقات کے لیے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل پہنچے۔ ان کے بیٹے آریئن کو دو اکتوبر کے روز ایک کروز پر پارٹی کے دوران مبینہ منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا اور پھر آٹھ اکتوبر کو با ضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ وہ گزشتہ تقریباً تین ہفتوں سے جیل میں ہیں۔

ممبئی کی ایک ذیلی عدالت نے شاہ رخ خان کے بیٹے کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ ان کی ضمانت کے لیے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا، تاہم ہائی کورٹ نے بھی آئندہ ہفتے منگل کو سماعت کی تاریخ مقرر کی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ابھی انہیں کئی روز مزید جیل میں گزارنے پڑیں گے۔

گرفتاری کے بعد سے شاہ رخ خان اور ان کے 23 سالہ بیٹے آریئن خان کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی جو اطلاعات کے مطابق کافی جذباتی رہی۔ آرتھر روڈ جیل میں ملاقات کے دوران شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے کے درمیان سلاخوں اور شیشے کا فاصلہ تھا تاہم وہ ایک دوسرے کو آمنے سامنے دیکھ سکتے تھے۔ بات چیت کے دوران وہاں دو محافظ بھی موجود تھے۔

ریاست مہاراشٹر کی حکومت نے کورونا کی وبا کے دوران جیل میں قیدیو ں کو اپنے رشتہ داروں سے ملاقات پر پابندی عائد کر دی تھی۔ حکومت نے پہلے اس پابندی کو واپس لینے کا اعلان کیا اور پھر اس طرح 55 سالہ سپر اسٹار شاہ رخ کو اپنے بیٹے سے ملنے کا راستہ ہموار ہوا۔ جیل میں انہوں نے اپنے بیٹے سے تقریبا بیس منٹ تک بات چیت کی۔

بھارتی میڈیا نے جیل کے محافظوں کے حوالے سے لکھا ہے کہ شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے سے پوچھا کہ وہ کھانا صحیح سے کھا رہے ہیں کہ نہیں؟ اس پر آریئن نے جواب دیا کہ انہیں جیل کا کھانا پسند نہیں آر رہا۔ اس پر شاہ رخ خان نے جیل حکام سے پوچھا کہ کیا وہ اپنے بیٹے کے لیے گھر کا کھانا بھجوا سکتے ہیں۔

جواب میں افسران نے کہا کہ انہیں اس کے لیے عدالت سے اجازت لینی پڑے گی اور اگر کورٹ اجازت دیتی ہے تو انہیں گھر کا کھانا مہیا کیا جا سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس موقع پر شاہ رخ نے اپنے بیٹے کی ہمت اور حوصلہ بڑھانے کے لیے کچھ باتیں کیں۔

آریئن خان کی ضمانت دو بار مسترد کی جا چکی ہے اور اب معاملہ ہائی کورٹ میں ہے۔ اس سے قبل آریئن نے ویڈیو کال کے ذریعے اپنی ماں گوری خان سے بات کی تھی۔

بھارت میں منشیات کی روک تھام کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے دعوی کیا تھا کہ اس نے ممبئی کے ساحل پر سمندر میں ایک کروز (بحری جہاز) پر چھاپہ مار کر وہاں ہونے والی ریو پارٹی کے دوران غیر قانونی طور پر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آٹھ افراد کو حراست میں لیا۔اس میں بالی وڈ اداکار شا ہ رخ خان کے بیٹے 23 سالہ آرین خان بھی شامل تھے۔ آرین کو پہلی بار چار اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

آرین کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کے پاس سے کسی طرح کی منشیات برآمد نہیں ہوئی ہے اور انہیں صرف واٹس ایپ چیٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ لیکن این سی بی کا دعوی ہے کہ ان کے پاس واضح ثبوت موجود ہیں کہ منشیات کے تانے بانے بالی وڈ سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




Source link

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments

error: We are sorry, You can\'t Copy it.